وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دوبارہ اقتدار میں آنے کیلئے امریکا سے بھیک مانگ رہی ہے۔ ایبسلوٹلی ناٹ والوں کا بیانیہ اب ایبسلوٹلی یس ہوگیا ہے۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی نےامریکا کےسامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں، پاکستان خودمختارملک ہے، امریکی قراردادوں سے فرق نہیں پڑتا، امریکا کی پالیسی اس کےاپنےمفادات کےگردگھومتی ہے۔ ہمارا امریکا سے اچھا تعلق رہاہے، چاہتے ہیں تعلقات اچھے رہیں۔
وزیردفاع نے کہا کہ معاشی بحالی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث امن دشمنوں کے خلاف افغانستان میں کارروائی کا آپشن بھی موجود ہے۔ ہمیں بادل نخواستہ دہشت گردوں کےخاتمے کیلئےافغانستان کےاندر جانا پڑے گا۔ اس سے بچنے کیلئے افغانستان سمیت تمام فریقین مل کر دہشتگردی کا علاج ڈھونڈیں۔
دہشت گردی کے خاتمے، معاشی بحالی میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہ ہو، آپریشن عزم استحکام پاکستان کےاستحکام کےلیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن عزم استحکام کا مقصد خون خرابہ نہیں ملکی استحکام ہے، چاہتے ہیں پوری قوم متحد ہوکر دہشت گردی کا مقابلہ کرے ، جو قوتیں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہیں وہ چاہتی ہیں پاکستان گھٹنے ٹیک دے، اے پی سی ہوتی ہے تو یہ بھی اس کی طرف پیش قدمی ہوگی۔