ژوفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس دوران پی آئی اے کی نجکاری کی پیشرفت پر تفصیلی غور کیا گیا ، نجکاری بورڈ کو شارٹ لسٹڈ کمپنیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیراعظم پی آئی اے کی جلد نجکاری چاہتے ہیں، مزید تاخیر نہ کی جائے، نجکاری کمیشن پیشکش دینے والے اداروں سے مکمل تعاون کرے، اداروں کی نجکاری کے لئے تمام سٹیک ہولڈرزکو آن بورڈ رکھا جائے، نجکاری کمیشن حکومت پر انحصار کم کرکے مالی خود مختاری حاصل کرے۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ مزید اداروں کی نجکاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے خزانہ، قانون، ایوی ایشن سمیت اداروں سے رابطے میں ہیں۔ اداروں کی نجکاری کیلئے انٹرنیشنل میڈیا میں اشتہارات بھی دئیے گئے ہیں۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ نے سال 2024-25کے بجٹ کی منظوری دیدی ہے ، کمیشن بورڈکے ممبران نے 218ویں اور 219ویں اجلاس کی کارروائیوں کی بھی منظوری دیدی ۔ اجلاس میں نجکاری کیلئے مختلف اداروں کی پیش رفت پر غور وخوض کیا گیا