وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔
پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف سے ملکی معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی جبکہ وفد میں شہزاد سلیم ، زید بشیر ، مصدق ذوالقرنین اور شہریار چشتی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے وزیرِاعظم کو ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور بجٹ کی کاروباری برادری میں پزیرائی کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الحمدللہ ملک معاشی طور پر درست سمت میں گامزن ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے گئے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجٹ اقدامات کے نفاذ کیلئے حکومتی ٹیم سرگرم ہے، برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے بجٹ اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، برآمد کندگان کو فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صنعت ، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی ) کے شعبوں میں ترقی سے معیشت مزید استحکام ہوگی۔