پاکستان کے معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر سکندر شاہ اداکار ہمایوں سعید کی ثمینہ کے ساتھ شادی اور ان کی ڈرامائی پہلی ملاقات کی تفصیلات پہلی مرتبہ منظر عام پر لے آئے ہیں ۔
سکندر شاہ نے حال ہی میں یوٹیوب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کئی انکشافات کیئے ہیں ، ان کا کہناتھا کہ ماضی میں جب وہ ہمایوں سعید کے ساتھ ایک ڈراما بنا رہے تھے، تب ہی وہ کسی جاننے والے کے توسط سے سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے طارق روڈ پر شوٹنگ کے لیے ایک بنگلا دیکھنے گئے جو کہ ثمینہ نامی خاتون کا تھا جو بعد میں ہمایوں سعید کی اہلیہ بنیں۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بنگلے میں شوٹنگ شروع ہونے کے تین دن بعد ہی ہمایوں سعید اور ثمینہ کے درمیان ملاقاتیں شروع شروع ہوئیں جو کچھ ہی ماہ میں رشتے میں تبدیل ہو گئی،انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ثمینہ مذکورہ بنگلے میں ایک بچی اور والدہ کے ہمراہ رہتی تھیں اور پوچھنے پر انہوں نے بتایا تھا کہ بچی ان کی بیٹی ہیں۔
ہدایت کار سکندر شاہ کے مطابق انہیں بھی اس وقت یقین نہیں آیا تھا کہ مذکورہ بچی بنگلے کی مالک ثمینہ کی بیٹی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ثمینہ شادی شدہ تھیں اور ان کے پہلے شوہر بلوچ غالبا قبیلے سے تھے لیکن انہوں نے ثمینہ کی پہلی شادی کے ختم ہونے سے متعلق مکمل وضاحت نہیں کی۔
ہدایت کار کے مطابق کچھ دن بعد وہ کراچی سے باہر گئے اور واپس آئے تو انہیں ہمایوں سعید کی شادی کا دعوت نامہ ملا اور وہ خوشی سے تقریب میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ثمینہ کو دلہن کے روپ میں دیکھا۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ہمایوں سعید کی اس وقت اپنے ہی خاندان کی کسی لڑکی سے منگنی بھی ہوئی ہوئی تھی لیکن انہوں نے ثمینہ سے شادی کا فیصلہ کیا ۔سکندر شاہ کے مطابق جس وقت ہمایوں سعید کی شادی ہوئی تھی، اس وقت ثمینہ کی بیٹی ثنا کی عمر تقریبا 10 سال تھی۔
ان کے مطابق شادی کے کئی سال تک ہمایوں سعید کی اپنی کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی، جس کے بعد غالبا انہوں نے اہلیہ کی پہلی بچی کو بیٹی کے طور پر تسلیم کیا اور یہ اچھی بات ہے۔