معروف بھارتی میزبان اور اداکارہ سدیپا چیٹرجی نے کہا ہے کہ ایک شوکے دوران بیف کے پکوان پر بات کرنے پر انہیں جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کلکتہ کی رہائشی سدیپا چیٹرجی نے وضاحت کی کہ ایک بنگلہ دیشی شو میں ایک شرکاء نے بیف کی ڈش تیار کی تھی۔انہوں نے میزبان کے طور پر اس شرکاء سے بات چیت کی، جس کا نتیجہ یہ ویڈیو بنی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
چیٹرجی نے وضاحت کی، "مجھ پر شو کے دوران بیف پکانے اور کھانے کا الزام لگایا گیا ہے، جو بالکل غلط ہے۔ میں نے صرف اس شخص سے بات کی جس نے یہ ڈش تیار کی تھی۔"
اداکارہ نے مزید زور دیا، "میں نے کبھی بیف نہ پکایا، نہ کھایا اور نہ ہی اسے چھوا۔ جو لوگ مجھے دھمکیاں دے رہے ہیں، انہیں ویڈیو کو غور سے دیکھنا چاہیے اور دکھانا چاہیے کہ میں نے بیف کو کہاں چھوا ہے۔"
انہوں نے فیس بک پوسٹ میں مزید کہا، "دوسری بات، کریم جہاں (شو کے شرکاء) نے پکوان بنایا تھا۔ ویڈیوز ابھی بھی بغیر ایڈیٹنگ کے موجود ہیں۔ کوئی بھی دیکھ سکتا ہے۔ کہیں بھی آپ یہ نہیں دیکھیں گے کہ میں نے بیف کو چھوا بھی ہے۔"
چیٹرجی نے مزید کہا کہ یہ شو عید الاضحیٰ کے لیے منظم کیا گیا تھا اور وہ اس بنگلہ دیشی پروگرام میں بھارت کی نمائندگی کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا، "زیادہ تر لوگ جو مجھ پر تنقید کر رہے ہیں، انہوں نے ویڈیو دیکھی بھی نہیں ہے۔ مجھے سیاسی مفاد کے لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔"