آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائر ہوگئے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کا آخری انٹرنیشنل میچ تھا کیونکہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بھی ڈیوڈ وارنر کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی گئی۔
اپنے بیان میں کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر کا 15 سالہ انٹرنیشنل کیرئیر اختتام کو پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد انٹرنینشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا۔
اس سے قبل ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل وارنر کے ایک روزہ کیرئیر کا آخری میچ تھا جبکہ انہوں نے رواں سال جنوری میں پاکستان کے خلاف کیرئیر کا آخری ٹیسٹ کھیلا تھا۔
ڈیوڈ وارنر نے 112 ٹیسٹ میچز، 161 ون ڈے اور 110 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کی۔