بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا جلد ہی اپنے مسلمان دوست ظہیر اقبال سے شادی کرنے جارہی ہے اور اس خبر نے خاندان میں لڑائی اور جھگڑے شروع کر وا دیئے ہیں تاہم اس معاملے پروالد شترو گن سنہا نے آخر کار خاموشی توڑتے ہوئے رد عمل جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق چند دن قبل سوناکشی سنہا نے اپنے دوست ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کا اعلان کیا تھا اور دونوں ممکنہ طور پر 23 جون کو ممبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے جس کے بعد خبریں آئیں کہ سوناکشی کی والدہ اور بھائی نے ایک تو شادی میں شریک ہونے سے مبینہ طور پر انکار کر دیاہے جبکہ انہیں انسٹاگرام پر ان فالو بھی کر دیاہے ۔
شادی کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ سوناکشی کی دوست ظہیر سے شادی کی خبروں کے بعد سنہا خاندان میں پھوٹ پڑ گئی ہے اور سنہا خاندان کا کوئی فرد شادی کی تقریبات میں شریک نہیں ہوگا۔
تاہم شترو گن سنہا نے تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بیٹی شادی میں شرکت کریں گے اور اپنی پیاری بیٹی کو دعائیں دیں گے، شتروگن سنہا نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی بیٹی سوناکشی سنہا پر فخر کا اظہار کیا اور ان کی شادی میں شرکت کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ میری اکلوتی بیٹی سوناکشی کی زندگی ہے، جس پر مجھے بہت فخر ہے، میں اس کی شادی میں ضرور شرکت کروں گا اور مجھے کیوں نہیں کرنی چاہیے۔سابق لیجنڈری اداکار نے اپنی بیٹی کے انتخاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سوناکشی اور ظہیر کی ایک اچھی جوڑی ثابت ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں بالی وڈکے سینیئر اداکار و سیاستدان شتروگن سنہا نے بیٹی سوناکشی کی شادی کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں نے بیٹی کی شادی کے منصوبوں کے حوالے سے کسی سے کوئی بات نہیں کی، مجھ سے میرے قریبی لوگ پوچھ رہے ہیں کہ میں بیٹی کی شادی سے کیوں واقف نہیں ہوں جبکہ میڈیا بھی اس سے واقف ہے، ان کیلئے میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں، آج کل کے بچے شادی کیلئے ماں باپ سے رضامندی نہیں لیتے صرف آگاہ کرتے ہیں۔