وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی تعریف کرتے ہوئے افسران اور تمام ٹیموں کو شاباش دی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں صفائی اور آلائشیں ٹھکانے لگانے پر کمپنی اور عملے کا جذبہ قابل تعریف ہے، شہروں ، تحصیلوں اور یوسیزمیں انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی خدمت کو سراہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کی خود نگرانی کر رہی ہوں، شہریوں کی سہولیات کیلئے حکومتی مشینری کی نگرانی کر رہی ہوں، جہاں شکایت ملی فوری کارروائی ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ، اچھے کام پر شاباش ملے گی، فرض پورا نہ کرنے والے سزا کیلئے تیار رہیں، میڈیا اور شہری جہاں گند نظر آئے فوری سرکاری ہیلپ لائن پر آگاہ کریں۔
انہوں نے شکایات پر فوری عمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری فرض اداکرتے ہوئے آلائشیں اور گندگی متعین مقامات پر پھینکیں، شہری اپنا فرض ادا کریں تاکہ عملے کو فرائض کی ادائیگی میں آسانی ہو، صفائی ستھرائی کے مشن میں سب مل کر ساتھ دیں۔