بھارتی شہر کولکتہ میں مسافر ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم سے 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں ٹرینوں کے درمیان تصادم کا حادثہ پیر کے روز پیش آیا جہاں رنگاپانی اسٹیشن کے قریب مسافر ٹرین کنچن جنگا ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوا۔
تصادم کے نتیجے میں اب تک 13 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 50 سے زائد افراد زخمی ہیں، مرنے والوں میں 3 ریلوے ملازم بھی شامل ہیں۔ حادثہ صبح 9 بجے کے وقت پیش آیا، مال گاڑی سے تصادم کے بعد مسافر ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔
بھارتی ریلوے حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، حادثے کے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔