عید کے دوسرے روز پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیش گئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دوسرے روز اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں ہوں گی جبکہ عید کے تیسرے روز بارشوں کا سلسلہ جنوبی پنجاب کے علاقوں میں پہنچ جائے گا۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشیں اس سال جون کے آخری ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے، جون کے آخری تین دنوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ ملک میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ بھی ہے۔
حکام کے مطابق لاہورمیں آج زیادہ سے زیادہ پارہ44 ڈگری تک جانےکاخدشہ ہے تاہم عید کے دوسرے روز بارشوں کے باعث لاہور کے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔ آندھی اور بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جون کی رات سے 22 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارشوں کا امکان ہے۔ 18 جون کی رات سے 22 جون کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادلوں کے برسنے کی توقع کی جارہی ہے۔ ادھر 20 سے 22 جون کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی، جھکڑ اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ سندھ میں 21 اور 22 جون کو سکھر، جیکب آباد، کشمور اور لاڑکانہ میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔