پاکستان بھر میں آج (بروز پیر) عید قربان مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
دن کے آغاز پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی مساجد، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نمازِ عید ادا کی گئی۔ یہ عید حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں منائی جاتی ہے اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے لوگ نماز عید کے بعد جانوروں کی قربانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
فیصل مسجد اسلام آباد، بادشاہی مسجد لاہور، لیاقت پارک کوئٹہ اور عید گاہ کراچی سمیت ملک کے مختلف مقامات پر عیدالاضحی کی نماز ادا کر دی گئی جس کے بعد ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگئ گئیں۔
نمازِ عید کے موقع پر ملک بھر میں نمازیوں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں نماز عید ادا کردی گئی جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر اجتماعات میں کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
کس سیاستدان نے کہاں نمازِ عید ادا کی؟
وزیر اعظم شہبازشریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر نماز عید ادا کی۔ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز سمیت سرکاری افسران نے بھی وزیراعظم کے ساتھ عید کی نماز پڑھی۔ وزیراعظم شہباز شریف خوشگوارموڈ میں نظر آئے۔ لوگوں سے گلے ملے اورعید کی مبارکباد دی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں نماز عید ادا کی۔ شہریوں سے گلے ملے، قربانی بھی کی۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے فیصل آبادمیں نماز پڑھی اور اہل علاقہ سے عید ملے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےگورنر ہاؤس کراچی میں عید کی نماز اداکی۔ ایم کیوایم رہنما خالد مقبول سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی گورنر ہاؤس میں نماز پڑھی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے گھر میں نماز ادا کی۔ رہنما ن لیگ خرم دستگیر نے گوجرانوالہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے سکھر میں عید کی نمازپڑھی۔ جماعت اسلامی کےرہنما لیاقت بلوچ نے نماز عید جامع مسجد منصورہ میں ادا کی۔ امت مسلمہ، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور فلسطین کی آزادی کےلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔