وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے والد سے محبت کے عالمی دن پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ بہتر مستقبل یقینی بنانے کے لیے باپ کی قربانیون کو تسلیم کیجیے۔
والد سے محبت کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آج اپنے بچوں کی پرورش اور رہنمائی میں والد کے انمول کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ ہر والد کی خاموش قربانیوں کوتسلیم کرنا چاہیے، جو اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہیں۔ بہترمستقبل یقینی بنانے کے لیے باپ کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیجیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ والد شجر سایہ دار ہے، جو تپتی دھوپ میں بچوں کیلیے گھنا سایہ بن جاتا ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ اولاد کی تربیت اور بہتر پرورش میں والد کے شفیق کردار کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں اپنی ہر کامیابی والد گرامی نواز شریف کے نام کرتی ہوں، جو ہر مشکل میں میرا حوصلہ ہیں۔ خوش قسمت ہوں جو مجھے محمد نواز شریف جیسے والد ملے، ان کی بیٹی ہونے پر ناز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر روز والد سے دعائیں لے کر نکلتی ہوں اور واپس آ کر سب سے پہلے انہیں سلام کرتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید کہا کہ والدین کی عزت وتکریم کرنے والے اور انہیں اُف تک نہ کہنے والے ہی دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔