پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو عید کے پہلے دو روز اپنے فیملی ممبران سے خصوصی ملاقات کی اجازت دیدی گئی۔ ملاقاتیوں کو چیکنگ کے بعد قیدیوں کے گھر سے لایا گیا کھانا دینے کی بھی اجازت ہوگی۔
عید کے پہلے دو روز قیدیوں کیلئے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے تمام سپریٹننڈنٹ جیلز کو خصوصی ملاقات کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر جیل سپرٹینڈنٹس کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے جاری ہدایات میں ملاقاتیوں کی سہولت کیلئے سپیشل ڈیوٹیاں بھی لگانے کا کہا گیا ہے جبکہ ملاقات میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے سینئر افسران انتظار گاہ، ملاقات شیڈ کے مسلسل وزٹ کریں۔ مخیر حضرات سے قربانی کا گوشت لے کر قیدیوں کے ڈنر کا بندوست کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے خصوصی ملاقات کے انتظامات کے تمام عمل کی نگرانی کی جائے گی۔ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو ہر گز نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن صرف فیملی ممبران کو ملاقات کی اجازت ہوگی ۔