وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر ملکی صنعت کی بہتری کیلئے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 10 روپے 69 پیسے کی کمی کر دی گئی۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملکی صنعت کی بہتری کیلئے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 10 روپے 69 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد بجلی کی نئی قیمت 34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر ہوئی ہے۔
نیپرا نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی تجویز کی تھی۔
وزیراعظم کے پیکج کے نتیجے میں صنعتوں سے 200 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ختم ہوگا جبکہ صنعتوں کو یہ پیکج عالمی منڈی میں اشیاء کی لاگت کے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے کیا گیا۔
پیکج سے صنعتی، زرعی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز اور روزگار میں تیز ترین اضافہ ہوگا جبکہ صنعتوں کے پہیے کی رفتار تیز اور برآمدات میں اضافے سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔