گورنر خیبر پختونخوا ( کے پی ) فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں وعدے کے مطابق 26 فیصد اضافہ کریں، ہم جمہوری لوگ ہیں سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، حالیہ بجٹ پر مختلف سیاسی جماعتوں کی مختلف رائے تھی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ امن وامان قائم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، خیبرپختوںخوا کے جنوبی اضلاع دہشتگردی کی لپیٹ میں ہیں۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے معاملے پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر کے بریفنگ لی جائے اور وزیراعلیٰ لا اینڈ آرڈر پر ان کمیرہ اجلاس بلا کرممبران کواعتماد میں لیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے اپنے ضلع میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، لوگ شام کے بعد گھر سے نہیں نکل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ٹریک سوٹ کے بجائے کھیلوں کے میدان آباد کریں، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) سے کے پی میں کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا کہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی نے 26 یونیورسٹیز کے وی سی تعیناتی سے متعلق کوئی سمری نہیں بھیجی، ہمارے صوبے کا تعلیمی معیار تباہ ہوچکا ہے، تعلیمی اصلاحات کے لیے ایک ٹاسک فورس بناؤں گا، صوبے کے حقوق کے لیے جرگہ بنائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ساری سیاسی جماعتیں شامل کر کے وفاق سے اپنے حقوق گیس ، پانی اور بجلی لوں گا، وزیراعظم سے ملاقات کر کے خیبرپختو نخوا کے پراجیکٹ کی درخواست کی ، وفاقی حکومت نے چشمہ لفٹ کنال کے لئے پیسے مختص کیے، امید ہے اس سال چشمہ لفٹ کنال کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور چشمہ پراجیکٹ کے پمنگ بڑھا کر زیادہ زمین کو سیراب کر سکیں گے۔