الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر حفیظ الرحمن غزہ مہاجرین کے ساتھ عید منانے قاہرہ مصر روانہ ہو گئے۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمن غزہ مہاجرین کے ساتھ عید منانے قاہرہ مصرروانہ ہوگئے ہیں ، جہاں وہ اہل پاکستان کی جانب سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کیلئے عطیہ کی گئی قربانیوں کا گوشت تقسیم کریں گے اور یتیم بچوں اور خاندانوں میں تحائف تقسیم کریں گے۔
مصر روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن غزہ، مصر اور پاکستان کے اندرقربانی کااہتمام کررہی ہے۔ پہلی ترجیح غزہ میں میسر جانور ہیں۔ الخدمت کو جتنے بھی جانور غزہ میں میسر آ رہے ہیں، وہ وہاں قربانی کا اہتمام کر رہی ہے۔ اس کے بعد ترجیحاََ الخدمت قاہرہ مصر میں قربانی کا اہتمام کر رہی ہے۔ جہاں الخدمت کی ٹیم فلسطینی مہاجرین میں گوشت کی تقسیم کے ساتھ ساتھ پیکنگ کے بعد ٹرکوں کے ذریعے غزہ پہنچایاجائے گا۔
غزہ اور مصر کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن نے کراچی میں جدید سلاٹرہاؤس کاانتخاب کیا گیا ہے جہاں عوام الناس کی جانب سے فلسطین کیلئے عطیہ کئے گئے جانوروں کی قربانی کے بعد گوشت کو پراسس کرکے ٹن پیک میں بند کر کے فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے غزہ کے مسلمانوں تک پہنچایاجائے گا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ وہ عید کے موقع پر عید کی نماز غزہ کے مہاجرین کے ساتھ ادا کریں گے اور قربانی کے گوشت اور عید کے تحائف کی تقسیم کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں زخیموں کی تیمار داری بھی کریں گے۔
ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ کے لاکھوں مظلوم بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے پاکستانی عوام کی فلسطینی مسلمانوں کیلئے عطیہ کی گئی قربانیوں کا گوشت رفاہ بارڈراور کرم ابوسالم بارڈرکے ذریعے غزہ پہنچے گا۔یاد رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اِس سے پہلے عید الفطر بھی غزہ کے مہاجرین کے ساتھ قاہرہ مصر میں منائی تھی۔