بلوچستان میں منشیات کی پیداوار اور فیکٹریوں کے خاتمے کے لئے آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔
جمعہ کو شروع کئے گئے آپریشن کے پہلے ہی روز صرف ضلع قلعہ عبداللہ میں 2 ہزار کلو گرام تیار منشیات برآمد کی گئی، 3 ہزار کلوگرام کیمیکل اور کروڈ ایفیڈرین کو تلف کیا گیا جبکہ 10 ایکڑ پر منشیات کی فصل تباہ کردی گئی۔
کور کمانڈر بلوچستان کی ہدایات پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان، اینٹی نارکوٹکس فورس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
آپریشن کے دوران 16 نارکوٹکس مینوفیکچرنگ پراسیسنگ مشینیں تباہ اور 18 کمپاؤنڈز بھی مسمار کردیئے گئے جبکہ چار افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔
پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے یہ آپریشن بلوچستان بالخصوص تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کرنے سے پہلے علاقہ عمائدین کو اعتماد میں لیا ۔
بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ایک اہم کوشش میں، بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں حکام نے منشیات کی پیداوار اور غیر قانونی فیکٹریوں کو ختم کرنے کے لیے ایک مضبوط آپریشن شروع کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اس مشترکہ کوشش میں پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان، اینٹی نارکوٹکس فورس، اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں، سبھی اس لعنت سے نمٹنے کے لیے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔
GOB is in over drive:
— Jan Achakzai / جان اچکزئی (@Jan_Achakzai) September 8, 2023
In a momentous endeavor, authorities in the Qila Abdullah district of Balochistan have launched a robust operation to dismantle drug production and illicit factories.
This concerted effort involves the Pakistan Army, FC Balochistan, Anti-Narcotics Force,… pic.twitter.com/EiGQyufeuF
علاوہ ازیں کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ اگر ہم قلعہ عبداللہ سے منشیات کو ختم کرنے میں کامیاب ہوگئے تو اس کا اثر پورے پاکستان پر ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ آج انتہائی حساس اور مشکل آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے ، کمانڈر 12 کور کی سربراہی میں اس ایکشن کی وجہ سے 15 فیکٹریوں سمیت 938 کلو چرس تباہ کی گئی۔
اگر ہم قلعہ عبداللہ سے نارکوٹکس کو ختم کرنے میں کامیاب ہو گئے تو اس کا اثر پورے پاکستان پر ہو گا۔ آج انتہائی حساس اور مشکل آپریشن کا آغاز کیا گیا ۔ کمانڈر 12 کور @peaceforchange کی سربراہی میں اس ایکشن کی وجہ سے 15 فیکٹرییوں سمیت 938 کلو چرس تباہ کی گئیں۔ تمام قانون نافذ کرنے… pic.twitter.com/gajnnds4Th
— Muhammed Hamza Shafqaat (@hamzashafqaat) September 8, 2023
کمشنر کوئٹہ نے بتایا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس آپریشن میں حصہ لے کر پورے صوبے کے جوانوں کو بہت بڑی تباہی سے بچایا ہے، علاقے کے عمائدین نے نہ صرف حمایت کی بلکہ بھرپور ساتھ بھی دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ اس آپریشن کو جاری رکھا جائے گا تاکہ علاقے کو صاف کیا جاسکے۔