متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) نے وزیراعظم شہباز شریف کو نئے بجٹ میں شہری سندھ کیلئے تحریری مطالبات پیش کردیئے۔
ایم کیو ایم نے وفاقی بجٹ میں کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص ،سکھر اور نواب شاہ کی ترقی کیلئے 38 ارب روپے مانگ لئے ہیں جبکہ وزیراعظم کو پیش کیے گئے مطالبات میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم صوبائی حکومت کا حصہ نہیں ، وفاق ہمارے ایم این اے کو ترقیاتی فنڈز جاری کرے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے کہا گیا کہ کے فور منصوبے کیلئے مکمل فنڈز فراہم کرکے اسے ایس آئی ایف سی کی نگرانی میں مکمل کرایا جائے۔
ایم کیو ایم نے گریٹر کراچی سیوریج منصوبہ بھی اسی سال مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کی جانب سے کہا گیا کہ وفاقی بجٹ میں گرین لائن، بلیو لائن اور کراچی سرکلر ریلوے کیلئے بھی فنڈز رکھے جائیں۔
کراچی پورٹ سے پپری تک فریٹ کوریڈور سمیت بن قاسم پر ٹیکسٹائل سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے بھی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔