ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے بڑا اور شو پیس میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج نیویارک کے نساو کاونٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ روایتی حریف شام ساڑھے7بجے نیویارک میں مدمقابل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو امریکا سے شکست کا غصہ بھارت پر نکالنے کا موقع مل گیا۔ روایتی حریف سات سمندر پار آمنے سامنے۔ پاک بھارت ٹاکرا آج شام ساڑھے 7 بجے نیویارک میں ہوگا۔
گرین شرٹس کے پلئینگ الیون سے اعظم خان کو ڈراپ کئے جانے کاامکان ہے۔ عمادوسیم کی شمولیت متوقع ہے ۔ سپرایٹ مرحلے تک رسائی کیلئے پاکستان کو آج بھارت کو ہرصورت ہرانا ہوگا۔
قومی ٹیم کا ورلڈکپ میں آغاز اچھا نہ ہوا اور اسے امریکا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن شائقین کرکٹ قومی ٹیم کے لیے دعاگو ہیں اور اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ ٹیم روایتی حریف کو شکست دے کر ایونٹ میں شاندار کم بیک کرے گی۔
مزید پڑھیں
شاداب خان ان فٹ، بھارت کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک
مڈل آرڈر بیٹر اعظم خان بھارت کے خلاف میچ سے آؤٹ
پاک بھارت میچ کے دوران نیویارک کا موسم کیسا رہے گا؟
نیویارک میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی جم کر مشقیں کیں جبکہ بھارتی ٹیم کے صرف دو کھلاڑیوں نے آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کا پلڑا پاکستان کے خلاف بھاری ہے، 7 میچز میں سے 6 بھارت نے جیتے جبکہ ایک پاکستان کے نام رہا۔ اس کے علاوہ مختصر فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں 12 مرتبہ مدمقابل آئی ہیں، 8 میچ بھارت کے نام رہے جبکہ 3 میں پاکستان نے فتح حاصل کی اور ایک میچ ٹائی رہا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون کیا ہوگی؟
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف میچ میں قومی اسکواڈ میں تبدیلیاں متوقع ہیں، امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بیٹر اعظم خان بھارت کے خلاف میچ سے آؤٹ ہوگئے۔
عماد وسیم کو اعظم خان کی جگہ قومی اسکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ صائم ایوب کو بھی موقع ملنے کا امکان ہے۔
ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، صرف اور صرف بھارت کے خلاف جیت ہدف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عماد وسیم بھارت کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، امریکا سے ناکامی بھول چکے، آج نیا میچ ہے، بھارت کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، نیویارک کی وکٹ پر بیٹرز کو بہادری دکھانا ہوگی۔
پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف 4 فاسٹ بولرز اور 2 آل راؤنڈرز اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، بھارت کے خلاف پاکستان کی اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے 11 کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم ،محمد رضوان ، عثمان خان، فخر زمان ، افتخار احمد ، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین آفریدی ،حارث رؤف ، محمد عامر اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں آئر لینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا۔