عالمی ادارے کیو ایس نے پنجاب یونیورسٹی کو ایشیا میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والا ادارہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارے کیو ایس نے حیرت انگیز و شاندار ترقی کے بنیاد پر عالمی کیو ایس رینکنگ میں ایشیا میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والا ادارہ قرار دیدیا۔
وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں بھی حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے۔ عالمی ادارے کیو ایس نے ایجو ڈیٹا سمٹ کا واشنگٹن میں انعقاد کیا ہے، پاکستان ایمبیسی امریکا نے سمٹ میں پنجاب یونیورسٹی کی ایشیا میں سب سے بہتر ترقی کرنے والے ادارے کا ایوارڈ وصول کر لیا ہے۔
ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ 5 سالوں میں پنجاب یونیورسٹی نے چین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا، سنگاپور کی جامعات کا مقابلہ کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔ پنجاب یونیورسٹی نے وسائل کے اعتبار کے کئی گنا بڑی یونیورسٹیوں کو پیچھے چھوڑ کر پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ نئی رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی دنیا کی 570 ویں بہترین یونیورسٹی قرار پائی ہے، گزشتہ سال کی نسبت پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ میں 170 درجے کی بہتری آئی ہے، گذشتہ رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی دنیا کے بہترین 740-750 اداروں میں شامل تھی، ایک سال میں عالمی رینکنگ میں 170 درجے بہتری حاصل کرنا غیر معمولی ہے۔
ڈاکٹر خالد محمود نے مزید کہا کہ رینکنگ میں بہتری پر پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ، انتظامیہ اور طلباء مبارکباد کے مستحق ہیں، پنجاب یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی نے دن رات محنت کی، گریجوایٹس کو ملازمت کے حصول کی کیٹگری میں پنجاب یونیورسٹی نے پاکستان میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر چئیرمین رینکنگ کمیٹی ڈاکٹر عثمان اعوان ڈاکٹر عثمان اعوان نے کہا کہ حکومت مناسب فنڈنگ کرے تو پاکستان کی جامعات مزید بہتر پرفارم کر سکتی ہیں۔






















