ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت متعدد رہنماؤں کو آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق 2 کیسز میں بری کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے پی ٹی آئی قیادت کے خلاف آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج دو مقدمات کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور اسد عمر عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ تمام ملزمان نے بریت کی درخواستیں دائر کیں۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی ، اسد عمر ،علی محمد خان ، مراد سعید کو مقدمات سے بری کردیا۔
عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف تھانہ گولڑہ میں یہ دونوں مقدمات درج تھے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی بانی تحریک انصاف عمران خان سانحہ 9 مئی کے مزید دو مقدمات میں بری ہوگئے تھے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی تحریک اںصاف کیخلاف تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج دو مقدمات میں بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مقدمات سے بری کیا۔