مویشی منڈیوں میں لین دین کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اہم اقدام کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت میں اضافہ کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے 31 مئی سے 20 جون تک ٹرانزیکشن اور بیلنس لمٹ کو عارضی طور پر بڑھا دیا گیا ہے جبکہ مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت میں اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ لوگ اس سے مستفید ہوسکیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل چینلز کو محفوظ اور متبادل ادائیگی موڈ کے طور پر فروغ دینا ہے، اقدام کا مقصد نقدی پر مبنی لین دین کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔
اس سے قبل کراچی میں مویشی منڈی جانے والے شہریوں اور تاجروں کی سیکیورٹی کیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کروائی گئی تھی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ حکومت مویشی منڈی آنے والوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کرے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ٹاسک فورس قائم کی جائے۔