بالی ووڈ اداکار ہ ایشوریہ رائے نے اپنے کیریئر کا آغاز 1990 میں کیا اور انہوں نے بے شمار ایسی فلمیں کیں جن سے بھاری معاوضہ حاصل کیا اور یہی وجہ ہے کہ وہ 2005 سے اب تک وہ انڈسٹری کی سب سے زیادہ امیر اداکارہ ہیں، ان کی اثاثوں کی کل مالیت 776 کروڑ روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دہائی کے دوران پریانکا چوپڑا، کترینہ کیف اور دپیکا پڈوکون کے علاوہ ساؤتھ انڈین فلموں کی مشہور اداکاراؤں نے بھی کئی کامیاب فلموں میں کام کیا اور خوب دولت کمائی۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پریانکا چوپڑا ہیں جن کے اثاثوں کی کل مالیت 600 کروڑ روپے ہے۔ اس کے بعد دپیکا 550 کروڑ روپے، عالیہ بھٹ 500 کروڑ روپے، کرینہ کپور 485 کروڑ روپے اور کاجول 250 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔
دلچسپ طور پر، ایشوریہ کی آخری ہٹ فلم ’اینتھیران‘ تھی۔ یہ تامل فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے گزارش، سربجیت اور جذبہ جیسی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا لیکن اس کے باوجود یہ فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوگئیں۔ تاہم ایشوریہ نے ہمت نہ ہاری اور بڑی فلموں میں چھوٹے کرداروں کے ساتھ سکرین پر اپنا وجود برقرار رکھا۔ ان کی ایک ایسی ہی ایک فلم ’پونیین سیلوان‘ نے باکس آفس پر 800 کروڑ کا بزنس کیا۔ اس فلم میں ایشوریہ کی پرفارمنس کو بھی خوب سراہا گیا۔
ایشوریہ کی دولت میں ایک بڑا کردار انٹرنیشنل برینڈز کے ساتھ طویل مدتی معاہدے ہیں جن کے تحت وہ ان برینڈز کی پروموشن کرتی رہیں۔ وہ کئی سال تک معروف برینڈز کا چہرہ بنی رہیں اور اس مد میں انہوں نے خاصہ دولت کمائی۔ ہالی ووڈ فلموں اور کینز فلم فیسٹیول میں شرکت سے ان کی اہمیت میں اور دولت میں اور بھی اضافہ ہوا، جس کی بدولت ان کا امیر ترین اداکارہ ہونے کا اسٹیٹس آج بھی قائم ہے۔