نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے سٹار بیٹر ویرات کوہلی پر تنقید کرنے کی وجہ سے انہیں قتل کی دھمکیاں ملیں۔
کرک بز کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کمنٹیٹر سائمن ڈول کا کہنا تھا کہ میں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کی جتنی بھی تعریف کرلوں کوئی نہیں دیکھتا لیکن اگر کوہلی کے بارے ایک منفی بات کردوں تو مجھے قتل کی دھمکیاں ملنا شروع ہوجاتی ہیں۔
سائمن ڈول کا کہنا تھا کہ میرا مقصد بالکل کسی پر ذاتی تنقید کرنا نہیں ہوتا اور ویرات کوہلی کے ساتھ میری اچھی بات چیت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ میرے اور ویرات کوہلی کے درمیان کسی قسم کا کوئی مسلئہ بھی نہیں ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سائمن ڈول نے انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل ) 2024 کے دوران سٹرائیک ریٹ کی وجہ سے ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد سٹار بیٹر کے مداحوں نے کمنٹیٹر کو قتل کی دھمکیاں دیں۔