فارمیشن کمانڈرز کے مطابق ملک میں سیاسی مقاصد کےلئے بیرونی سہولتکاروں کی مدد سے ڈیجیٹل دہشتگردی کی جارہی ہے۔ ڈیجیٹل دہشتگردی کامقصد اداروں بالخصوص افواج اور عوام میں خلیج ڈالنا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت83ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز، پاک فوج کے فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں شہداء کے ایصال وثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، ملک کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کیلئے مسلح افواج کے افسران کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولتکاروں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے گا۔
فورم کے مطابق ریاستی اداروں بالخصوص افواج کیخلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کاسلسلہ جاری ہے، سیاسی مقاصد کے لئے بیرونی سہولتکاروں کی مدد سے ڈیجیٹل دہشتگردی کی جارہی ہے۔ ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا سے قوم میں مایوسی پیدا کرنا اور اداروں بالخصوص افواج اور عوام میں خلیج ڈالنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے اور اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ملک میں قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فورم نے افغان سرحد سے خلاف ورزیوں، دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے دہشتگردی پرتحفظات کا اظہار کیا۔ فورم نے کہا کہ دشمن پاکستان کے اندر فورسز، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں۔
شرکاء کو جیو اسٹریٹجک حالات، قومی سلامتی کے لیے اُبھرتے ہوئے چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا، شرکاء کو فیلڈ فارمیشنز کے لیے لاجسٹک سپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے نئی تکنیکی تخلیقات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
فورم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشتگردی کو فیصلہ کن شکست دینے کیلئے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
فارمیشن کمانڈرز نے بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ بیرونی طور پر پروپیگنڈہ کرنے والوں کا مقابلہ کیا جاسکے، قرار دیا کہ پروپیگنڈہ کرنے والوں کی پشت پناہی غیر ملکی سپانسرڈ پراکسیوں کے ذریعے کی جاتی ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو امن اور ترقی سے دور رکھا جا سکے۔
فورم نے مشرقی سرحد پر موجودہ صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے تازہ ترین واقعات کا جائزہ لیا۔ فورم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے بھارت میں سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بڑھتے ہوئے فاشزم پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔
فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی اور غزہ پٹی کے اندر رفح آپریشن اور دیگر تمام آپریشنز کو روکنے کیلئے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شرکاء نے پائیدار اقتصادی ترقی اور غیر قانونی سرگرمیوں بشمول اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کو روکنے، وَن ڈاکومنٹ رجیم، غیر قانونی غیر ملکی تارکین کی باعزت وطن واپسی سمیت قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت کیلئے مختلف شعبوں میں حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی اعلیٰ و معیار ی تربیت اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا، آرمی چیف نے فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔
شرکاء نے حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی تربیت، انتظامیہ اور فلاح و بہبود کے لیے فوجی سطح پر کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، فورم نے یوم تکبیر پر پاکستان کی طرف سے حاصل کیے گئے اہم سنگ میل اور خطے پر اس کے مستحکم اثرات کو سراہا۔
کانفرنس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کو درپیش تمام خطرات کو قابل فخر قوم کی مکمل حمایت سے ناکام بنا دیا جائے گا۔