کرغزستان کے سفیر اولان یگ کا کہنا ہے کہ بشکیک کی صورتحال کنٹرول میں ہے، ملزمان قانون کے مطابق سزا پائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ کے دوران کرغزستان کے سفیر اولان یگ نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا سوشل نیٹورکس بالخصوص پاکستان میں سوشل میڈیا پر مکمل طور پر بے بنیاد خبریں اطلاعات شیئر کی گئیں۔
کرغزستان کے سفیر اولان یگ کا کہنا تھا کہ 13 مئی کو بشکیل کے ایک ہاسٹل میں مقامی اور غیرملکی طلبا کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ 18 مئی کو کرغز شہریوں نے غیرملکی طلبا کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مظاہرہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے چار مصری اور دس کرغز شہریوں کو حراست میں لیا۔
سفیر نے بتایا کہ فسادات میں کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ میڈیا سے درخواست ہے وہ غیرتصدیق شدہ اطلاعات نشر یا شائع کرنے سے گریز کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فسادات کرنے والے تمام لوگ قانون کے مطابق سزا پائیں گے۔ پاکستان سےکہیں گےکہ وہ میڈیا پرغلط اطلاعات پھیلانےوالوں سے بھی بازپرس کرے۔