چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) امجد زبیر ٹوانہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا ٹیکس ہدف ساڑھے 12 ہزار ارب روپے سے زائد ہو سکتا ہے جبکہ ٹیکس وصولی کے حوالے سے مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے بتایا کہ تاجر دوست اسکیم کی رجسٹریشن آئندہ مالی سال مزید بڑھائی جائے گی اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف مکمل کیا جائے۔
امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کیلئے منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے فنانس بل میں اقدامات کیے جائیں گے۔