بھارتی دارالحکومت دہلی کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے 6 نوزائیدہ بچے ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کی شام ہندوستانی دارالحکومت کے علاقے ویویک وہار کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 6 نوزائیدہ بچے ہلاک ہوگئے۔
سینئر پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ یونٹ میں 12 بچے تھے جبکہ ایک بچہ آگ لگنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جو واقعہ کے بعد فرار ہو گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ آگ دل دہلا دینے والی تھی، واقعہ کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جو بھی اس لاپرواہی کا ذمہ دار ہے اسے معاف نہیں جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ دہلی کے ہسپتال میں آتشزدگی کا سانحہ دل کو دہلا دینے والا ہے۔
اس سے قبل ہفتے کو ہی مغربی ریاست گجرات کے علاقے راجکوٹ میں ایک گیمز آرکیڈ میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی کا واقعہ سامنے آیا تھا جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ متاثرین میں سے زیادہ تر بچے تھے۔
آرکیڈ میں آگ مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور چند ہی گھنٹوں میں دو منزلہ عمارت تباہ ہو گئی۔