مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ قائد ( ن ) لیگ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آ رہے ہیں۔
چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ والنٹئیرز کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کے 21 اکتوبر کو استقبال کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو عوام ثابت کریں گے کہ قائد صرف نواز شریف ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ انہیں سرخرو اور سربلند کیا، ان کا مقصد نظام کی اصلاح اور عوام کی فلاح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم معیشت بحال اور دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، ہمیشہ کہتی ہوں کہ نواز شریف کی دی ہوئی ترقی نکال دیں تو پاکستان میں صرف کھنڈرات بچیں گے،وہ عوام کو مہنگائی سے نجات، نوجوانوں اور مزدوروں کے لئے روزگار، امن اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے قوم کی خدمت کا ایک لمحہ ضائع کیا نہ آئندہ کریں گے۔