پنجاب بھر میں آٹے، میدے اور سوجی کی قیمتوں میں واضح کمی کا رجحان ہے۔
وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا تھا کہ گندم سے تیار کردہ اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، بلال یاسین نے ایک ملاقات میں بتایا کہ 10 کلو گرام آٹے کی قیمت میں 600 سے 700 روپے کمی آئی جبکہ 20 کلو گرام آٹے کی قیمت میں اوسط 1300 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بلال یاسین نے بتایا کہ 80 کلو فائن آٹا، میدے کی قیمت میں 2770 روپے تک کمی ہوئی، اسی طرح 50 کلوگرام سوجی کے تھیلے کی قیمت میں اوسط 1700 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فائن آٹے کا تھیلا 11 ہزار سے کم ہوکر 8 ہزار 230 میں دستیاب ہے، سوجی 50 کلوگرام تھیلا 7150 سے کم ہو کر 5450 میں دستیاب ہے، روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو حقیقی ریلیف ملا ہے۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ گندم کی وافر مقدار میں موجودگی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں، مارکیٹ کی مستقل چیکنگ سے اشیاء کی قیمتوں اور معیار پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، صوبہ بھر میں سستی روٹی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔