نیپال کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر سندیپ لمیچھانے کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے امریکا کا ویزا نہیں ملا ہے۔
سندیپ لمیچھانے نے بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’نیپال میں امریکی سفارت خانے نے ایک مرتبہ پھر وہ کر دیا جو 2019 میں کیا تھا۔ انہوں نے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے میرا ویزا مسترد کر دیا ہے۔ بدقسمتی ہے۔ نیپال کرکٹ کے تمام خیر خواہوں سے میں معذرت کرتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ ریپ کے الزامات کے مقدمے سے بری ہونے کے بعد سندیپ لمیچھانے اگلے مہینے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے نیپالی ٹیم کے سکواڈ کا حصہ بننے کے مضبوط امیدوار تھے۔
سندیپ لمیچھانے کو امریکی سفارت خانے کی جانب سے ویزا نہ ملنے پر ابھی تک کرکٹ ایسوسی ایشن آف نیپال (سی اے این) کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ سندیپ لمیچھانے آخری مرتبہ اپنی قومی ٹیم کے لیے 2023 میں ایکشن میں نظر آئے تھے۔ انہوں نے گزشتہ برس ٹی20 ورلڈ کپ ایشیا کوالیفائرز ٹورنامنٹ میں نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ہائی کورٹ نے ریپ کیس میں سندیپ لمیچھانے کو تمام الزامات سے بری کر دیا تھا جس کے بعد وہ ہر طرح کی کرکٹ کھیلنے کے لیے کلیئر ہو گئے تھے۔ اکتوبر 2022 میں سندیپ لمیچھانے کو دارالحکومت کھٹمنڈو کے ایئر پورٹ پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ سندیپ لمیچھانے پر کھٹمنڈو کے ایک ہوٹل میں ایک 17 برس کی لڑکی کا ریپ کرنے کا الزام عائد ہوا تھا۔