وزیر اعظم شہباز شریف نے فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ پر سپریم کورٹ کے تحفظات کی تائید کردی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ پیش کی گئی جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے رپورٹ کے اہم نکات بتائے۔
شہباز شریف نے بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا رپورٹ میں واقعی خامیاں ہیں ، یہ ٹی او آرز کے مطابق نہیں ۔
وزیراعظم نے فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ پر دوبارہ غور کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
رپورٹ پر نظر ثانی کیلئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ سپریم کورٹ میں پہلے ہی جمع ہو چکی ہے جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔