پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ترجمان رؤف حسن اسلام آباد میں نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی ہوگئے۔
منگل کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن پر اسلام آباد کی ستارہ مارکیٹ میں نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق رؤف حسن نجی چینل کے دفتر سے باہر نکلے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر چاقو سے حملہ کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مطابق رؤف حسن پر چار افراد نے حملہ کیا۔
چاقو حملے میں رؤف حسن کو چہرے پر زخم آئے۔
اسلام آباد پولیس کا بیان
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ رؤف حسن کو نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر بلیڈ مارا گیا ہے اور عینی شاہدین کے مطابق رؤف حسن کو خواجہ سراؤں نے چہرے پر بلیڈ مارا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس موقع پر موجود ہے شواہد جمع کیے جارہے ہیں، جن خواجہ سراؤں نے یہ کام کیا ان کیخلاف سخت کارروائی عمل ہوگی۔