وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے ہر موقع پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت میں آواز اٹھائی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سمندرپار مقیم کشمیری کارکنوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں سیکرٹری جنرل ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم غلام نبی فائی سمیت دیگر شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر موقع پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت میں آواز اٹھائی، اقوام متحدہ ، شنگھائی تعاون تنظیم اور دیگر فورمز پر مقبوضہ کشمیر کیلئے بھرپور آواز اٹھائی۔
وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے تنازعہ جموں و کشمیر اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالت زار کے بارے عالمی سطح پر آگاہی بڑھانے کے لیے کشمیری کارکنوں کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل پر منحصر ہے۔
وفد نے کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وزیراعظم سے خطے کی تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے گفتگو کے علاوہ وزیر اعظم کو دنیا کے مختلف حصوں میں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔