ریاستی ملکیتی اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے آزاد ڈائریکٹرز کی نامزدگی کی تجویز کابینہ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کا اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے آزاد ڈائریکٹرز کی نامزدگی سے متعلق پاور ڈویژن کی تجویز کا جائزہ لے کر کابینہ میں پیش کرنے کی منظوری دی ۔
وزارت ریلوے کو ہدایت کی گئی کہ ادارے کی چار کمپنیوں سے متعلق ٹرانسفارمیشن پلان کمیٹی میں پیش کیا جائے۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے پی ٹی وی اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی اسٹریٹجک نوعیت کوتسلیم کیا اور وزارت اطلاعات و نشریات ایک قابل عمل کاروباری منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ ان اداروں کے مؤثر انتظام کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
کابینہ کمیٹی نے وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کی تجویز کو مؤخر وزارت کو اصلاحات کے بارے میں بزنس پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔