سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا روک ٹوک جاری رہے گا ،انتہا پسندوں ، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا،بدی کی طاقتیں ریاست،سکیورٹی فورسزکی بھرپورطاقت کاسامناکرتی رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے کوئٹہ کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
بیان کے مطابق دورے کے دوران سپہ سالار کو مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اہم صوبائی وزراء کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول کو ہونے والے دہشت گردی کے اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، جنہیں دہشت گردی کے ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کے عوام کے دشمنوں کے پراکسی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدی کی یہ طاقتیں ریاست اور سکیورٹی فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی ، سکیورٹی فورسز کو مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے، دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا روک ٹوک جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا۔
سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہےاور امن، معاشی ترقی ،انسانی ترقی کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی ،جنہیں پاک فوج کی جانب سے مکمل طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو بھی سراہا۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔