جنرل سیکرٹری استحکام پاکستان پارٹی پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اہم ملاقات کی ہے۔
شعیب صدیقی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سےتبادلہ خیال کیا اور حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محمد شعیب صدیقی کو تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ہیں، ملاقاتوں میں عمومی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل اور عوامی ضروریات سے مریم نواز کو آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ گلی محلے، شہروں اور دیہات کی صفائی ستھرائی کا پائیدار نظام وضع کررہے ہیں، ڈویژنل ہیڈکوارٹر اور بڑے شہروں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ساتھ نظام صفائی لارہے ہیں۔ ہرگلی محلےکو صاف دیکھنا چاہتی ہوں، جلد کام شروع ہوگا۔ عوام کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے،ممکنہ وسائل ضرور فراہم کریں گے۔