وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کی ڈالر کی ذخیرہ اندوزی ، منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران بھاری مقدار میں ڈالرز برآمد کیے گئے جبکہ پشاور میں حوالہ ہنڈی کا مرکز چوک یادگار جمعہ کو دوسرے روز بھی مکمل بند رہا۔
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی ٹیموں نے ڈیفنس سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جس کے دوران کئی غیر قانونی منی ایکسچینجرز افسران کو دیکھ کر فرار ہوگئے۔
ڈیفنس میں چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی جبکہ منی لنک ایکسچینج پر کارروائی کے دوران وہاں کا عملہ موبائل فون پر ہزاروں ڈالر کے کاروبار میں ملوث پایا گیا اور لین دین کا ریکارڈ نہ پیش کر سکا۔
ایف آئی اے حکام نے تمام ریکارڈ قبضہ میں لے کرتحقیقات شروع کردیں۔
دوسری جانب پشاور میں حوالہ ہنڈی کا مرکز چوک یاد گار آج دوسرے روز بھی مکمل بند تھا، دکانیں بند ہونے کے باعث رجسٹرڈ ایکسچینجز پر شہریوں کا رش رہا۔
یاد رہے کہ جمعرات کو ایف آئی اے نے چوک یادگار میں حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا۔
ایف آئی اے حکام کی جانب سے پلازہ مالکان کو نوٹس جاری کر دیا گیا اور غیرقانونی حوالہ ہنڈی کی دکانیں کھلنے پر پورا پلازہ سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔