بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشتگرد ہلاک کردیئے جبکہ آپریشن کی قیادت کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے میجر بابر خان جام شہادت نوش کرگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس کے دوران شدید جھڑپ میں تین دہشتگردوں کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا لیکن اس دوران آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے میجر بابر خان دفاع وطن پر قربان ہوگئے ۔
33 سالہ میجر بابر خان کا تعلق پنجاب کے ضلع میانوالی سے تھا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تحویل میں لے لیا گیا جبکہ علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں ، بہادر جوانوں کی قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے حوصلے مزید مضبوط کرتی ہیں۔