متحدہ عرب امارات میں ایرو گلف کا ایک ہیلی کاپٹر دبئی کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، 2 پائلٹ سوار تھے، جن کی تلاش جاری ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایرو گلف کا ایک ہیلی کاپٹر دبئی کے ساحل کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، جو المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑا تھا، ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ سوار تھے، جن کی تلاش جاری ہے۔
جنرل ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بیل 212 ہیلی کاپٹر کا ایک پائلٹ مصری جبکہ دوسرے کا تعلق جنوبی افریقا سے تھا، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے ہیلی کاپٹر کا ملبہ نکال لیا ہے تاہم دونوں افراد کی تلاش جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کی تحقیق کیلئے متعلقہ ٹیم بھی جائے حادثہ پہنچ گئی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایروگلف کمپنی کا مرکزی دفتر دبئی ورلڈ سینٹرل (المکتوم) انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہے، جس کے فلیٹ میں لیونارڈو اے ڈبلیو 139، بیل 212 اور بیل 206 ہیلی کاپٹرز شامل ہیں۔