پاک فوج کی ملک کے لئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ فوجی جوان ہر دم ملک کی حفاظت اور بقاء کےلئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔
پاکستان کی مٹی دفاع وطن میں جان قربان کرنے والے شہداء کے خون سے رنگی ہے امن دشمنوں نے جب بھی سرزمین پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر لبیک کہا۔ وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
سپاہی حسنین اشتیاق انتہائی نڈر سپاہی تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا، سپاہی حسنین اشتیاق نے 1 جون 2023 کو بلوچستان کے علاقے تربت میں دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے دفاع وطن میں جامِ شہادت نوش کیا۔ سپاہی حسنین اشتیاق شہید نے سوگواران میں والدین، بیوہ اور ایک بیٹا چھوڑا۔ سپاہی حسنین اشتیاق شہید کا تعلق خوشاب سے ہے۔
سپاہی حسنین اشتیاق شہید کے والد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا بہت فرمانبردار تھا اور ہمارا بہت خیال رکھتا تھا، میرے بیٹے کو بچپن سے فوج میں بھرتی ہونے کا بہت شوق تھا، مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے کہ اس نے ملک اور قوم کے لیے اپنی جان قربان کی، میں اپنے باقی بیٹوں کو بھی ملک پر قربان کرنے کے لیے تیار ہوں،
ان کا کہنا تھا کہ میری دعا ہے کہ اللہ میرے بیٹے کو جنت نصیب کرے اور میرے باقی بیٹوں کو بھی ملک کے لیے قربانی دینے کی ہمت دے، مجھے اپنے بیٹے کی شہادت کا بہت دکھ ہے اور اس کی کمی کوئی بھی پوری نہیں کر سکتا، ہمیں بہت فخر ہے کہ میرے بیٹے نے ملک کی خاطر اپنی جان قربان کی۔
سپاہی حسنین اشتیاق شہید کے والدہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا بہت اچھے اخلاق کا مالک تھا اور سب کو بہت خیال رکھتا تھا، مجھے اپنے بیٹے کی جدائی کا بہت دکھ ہے اور اس کی بہت یاد آتی ہے، میرا پوتا بالکل اپنے والد پر گیا ہے اور میں اس کو اپنے والد کی طرح بہادر بناؤں گی۔