لاہور ایئر پورٹ پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا اور مدینہ سے لاہور آنے والی دو فلائٹس لینڈ کرگئیں۔
جمعرات کی صبح لاہور ایئرپورٹ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا تھا ، تاہم ایئرپورٹ مینجر نذیر احمد کے مطابق فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا ہے اور مدینہ سے لاہور آنے والی دو فلائٹس لینڈ بھی کر گئی ہیں۔
مدینہ سے پی کے 761 اور 757 نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ آصف نے ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے آگ سے متاثرہ علاقے کا معائنہ بھی کیا اور اس دوران انہیں بریفنگ دی گئی کہ دیگر سسٹمز کے ساتھ ساتھ اندرون ملک آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، آئی بی ایم ایس امیگریشن سسٹم کی بحالی پر کام جاری ہے اور سسٹم پر کام کرنے کیلئے ٹیم آلات سمیت لاہورپہنچ گئی ہے۔
خواجہ آصف نے آئی بی ایم ایس سسٹم کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایت اور ایئرپورٹ انتظامیہ اور آتشزدگی واقعے سے نمٹنے کی کوششوں کو سراہا۔