امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں قید تمام قیدیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کو سپورٹ نہیں کرتا۔
نیوز بریفنگ کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوال پر میتھیو ملر نے کہا کہ ہم پاکستان میں یا دنیا میں کہیں بھی ہر قیدی کی حفاظت دیکھنا چاہتے ہیں، جس میں ہر شخص، ہر نظربند، ہر قیدی، قانون کے تحت بنیادی انسانی حقوق اور تحفظ کا حقدار ہو۔ ہم پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رہتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
نیوز بریفنگ کے دوران عمران خان کے خلاف الزامات سے متعلق سوال پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے سیاسی غیر جانبداری پر امریکی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا مؤقف وہی ہے جو ہم پہلے کہہ چکے ہیں جس کا مطلب ہے کہ ہم پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے کوئی پوزیشن اختیار نہیں کرتے اور کسی سیاسی جماعت کو سپورٹ نہیں کرتے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے مزید کہا کہ کہا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے امریکی سفیر کی ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت ہوئی، معاشی اصلاحات، انسانی حقوق اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی خبروں کو خوش آئند قرار دیا۔ کہا ہم ہمیشہ اپنے اتحادیوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی حمایت کرتے ہیں۔