اسلام آباد میں نان روٹی کے سرکاری ریٹ کا نیا نوٹیفکیشن بھی چیلنج کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور ایڈووکیٹ جنرل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نان بائی ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی ۔ وکیل درخواست گزار عمر اعجاز گیلانی نے دلائل میں کہا کہ پہلے نوٹیفکیشن پر اسی عدالت نے حکم امتناع جاری کیا تھا۔عدالت کو بتایا گیا کہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا مگر پھر تردید کردی گئی۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سوال کیا کہ گندم کی قیمت میں کمی ہوگئی ہے تو پھر کیا مسئلہ ہے؟ آپ کتنے روپے میں روٹی بیچنا چاہ رہے ہیں؟ وکیل نان بائی ایسوسی ایشن نے جواب دیا ایک روٹی 21 روپے میں پڑرہی ہے۔ ہم بیس روپے میں بھی بیچنے کو تیار ہیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ نے انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے۔ کل سےتیس تندور سیل اور 60 لوگ گرفتار کئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کوتیار ہیں۔ نیا نوٹیفکیشن بھی معطل کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرکے سماعت جمعہ تک کے لئے ملتوی کردی۔