راولپنڈی میں محکمہ انسداد دہشت گردی عدالت (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد مارے گئے۔ حکام کا دعوی ہے کہ ہلاک ملزمان ڈولفن کے شہید اہلکار پر حملے میں ملوث تھے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ڈولفن اہلکار کو شہید کرنے والے دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق، دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کی ٹیم پر حملہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ انکے باقی ساتھی فرار ہوگئے۔
حکام نے دعوی کیا ہے کہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔ دونوں کی شناخت نصیب اللہ اور احسان اللہ کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں ملزمان چند روز قبل راولپنڈی میں ڈولفن اہلکار پر حملے میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے جبکہ ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔