پاکستان کے معروف فنکاروں کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات اندوہناک سانحہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف فنکار برادری نے سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث ذمہ داران کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اداکار ساجد حسن نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کو انتہائی تشویش سے دیکھتا ہوں، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، سب سے پہلے پاکستان باقی سب کچھ بعد میں، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ عدالتوں کو چاہیے کہ وہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔
گلوکارہ راحت بانو نے کہا کہ شہدا کی تصاویر اور یادگاروں کو جلایا جانا انتہائی قابل مذمت ہے، ہمیں اپنے شہدا کی قدر ہے جو اس پاک سرزمین پر قربان ہوئے۔
پاکستان کے معروف اداکار اعجاز راہی نے کہا کہ ہماری آزادی شہدا کی مرہون منت ہے اور ان کی تکریم ہم پر لازم ہے۔ اداکار محسن گیلانی نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء کی قدر ہے جو اس پاک سرزمین پر قربان ہوئے، ہمارے جوان اور شہداء جو ملک میں دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔