’کیاسٹونک‘ اور پیوگیوٹ 2008 کے بعد سوزوکی نے بھی اپنی مشہور زمانہ گاڑی سویفٹ کی قیمت میں حیران کن طور پر7 لاکھ روپے تک کمی کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔
پاک سوزوکی نے نوٹیفکیشن کے ذریعے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ کے موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں سوزوکی سوئفٹ ڈبلیو ای ایف کی پروموشنل ریٹیل سیلز قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 01 مئی 2024 سے سوزوکی کی سوئفٹ ماڈل جی ایل ایم ٹی کی قیمت 85 ہزار روپے کم ہوگئی ہے، جی ایل ایم ٹی کی قیمت 44 لاکھ 21 سے کم ہوکر 43 لاکھ 36 ہزار ہوگئی ہے۔
سوزوکی کی سوئفٹ جی ایل سی وی ٹی کی قیمت میں 1 لاکھ 59 ہزار روپے کمی ہوئی ہے، جی ایل سی وی ٹی کی قیمت 47 لاکھ 19 ہزار سے کم ہوکر 45 لاکھ 60 ہزار ہوگئی ہے۔
سوزوکی کی سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی سی ٹی قیمت میں 7 لاکھ 10 ہزار روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جی ایل ایکس سی وی سی ٹی کی قیمت 54 لاکھ 29 ہزار سے کم ہوکر 47 لاکھ 19 ہزار ہوگئی ہے۔
پاک سوزوکی نے گاڑیوں کی نئی قیمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظر ثانی شدہ قیمتیں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی،سیلز ٹیکس اور ایڈوانس انکم ٹیکس کے علاوہ ہیں اور بغیر کسی اطلاع کے قیمتوں میں ردوبدل بھی کیا جاسکتا ہے۔علاوہ ازیں گاڑیوں کی ڈیلیوری پر سرکاری ٹیکس اور لیویز ڈیوٹی خریدار ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ دو دن قبل ’ کیا سٹونک ‘ کی قیمت میں 15 لاکھ 13 ہزار روپے تک کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا جس کے اگلے ہی روز پیوگیوٹ 2008 بھی ساڑھے چار لاکھ روپے تک سستی کر دی گئی ۔
گاڑیوں کی قیمتوں میں گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران بھاری اضافہ دیکھنے میں آیا اور گاڑیاں تقریبا دو گنا سے بھی زیادہ مہنگی ہوئیں جس پر صارفین نے تشویش کا اظہار کیا اور کمپنیوں کو سیلز میں بھاری گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا ۔