وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نواز کو مبارکباد دی۔
امریکی سفیر نے عوام دوست پراجیکٹس پر تیزی سے عملدرآمد کرانے کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کاوشوں کو سراہا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازکی عوامی فلاح و بہبود کےمنصوبوں میں خصوصی دلچسپی قابل ستائش ہے۔ کہا امریکا غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ماحول فراہم کریں گے، زراعت، انڈسٹری اور آئی ٹی کے شعبہ میں امریکہ کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو معاشی بحران سے ایک مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے، حکومتی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی آرہی ہے، عوام کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اورسستی روٹی فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔ عوام کوحقوق اور بنیادی ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔