صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے وفد کی ملاقات رنگ لے آئی، ملاقات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ڈیڈ لاک ختم ہوگا۔
بدھ کے روز صدر مملکت آصف زرداری سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران مہمان وفد نے صدر پاکستان سے سندھ حکومت کی شکایتوں کے انبار لگا دئیے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ کو ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور سندھ حکومت اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کی ایک ملاقات جلد وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ صوبہ کی بہتری اور امن و امان کے لئے مل کر ساتھ چلنے پر اتفاق بھی ہوا ہے۔
ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان جو ڈیڈ لاک تھا وہ آج ختم ہوا اور مسلم لیگ ( ن ) کے رویئے کے حوالے سے ایم کیوایم نے حکمت عملی تبدیل کی ہے۔