بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں گینگ وار کے دوران مبینہ طور پر مارے جانے کا دعویٰ سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے امریکی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیلی فورنیا میں گولڈی برار اور لکھبیر گینگ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں گولڈی برار مارا گیا۔
گولڈی برار کا نام کینیڈا کی حکومت نے پچیس اہم ترین مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ گولڈی کے حریفوں آرش دلا اور لکبھیر کے گینگ کے ارکان نے اس کے مبینہ قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم اس کے قریبی ساتھی اور جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی نے ابھی تک اس پر کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
خیال رہے کہ موسے والا قتل کے دو اور ملزمان بھارتی پنجاب کی جیل میں لڑائی کے دوران مارے گئے تھے۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو پنجاب کے گاؤں مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، ریپر اس وقت 28 سال کے تھے اور اپنی شہرت اور کیریئر کے عروج پر تھے۔
علاوہ ازیں، گولڈی برار کی جانب سے بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان کو بھی قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔